محکمہ ایکسائز کاقسطوں والی گاڑیوں کا14روز میں ٹیکس ادا کرنے کیلئے 26بینکوں کو خطوط ارسال

ٹیکس ادا نہ کرنے پر رجسٹریشن منسوخی کیساتھ بینک سیل اورپر تادیبی کارروائی کی وارننگ دیدی،گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی کے ساتھ ساتھ 100فیصد جرمانہ بھی کیا جائیگا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 اپریل 2024 12:59

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل2024 ء) محکمہ ایکسائز نے 14روز میں ٹیکس ادا کرنے بارے 26بینکوں کو خطوط ارسال کر دئیے،ٹیکس ادا نہ کرنے پر رجسٹریشن منسوخی کیساتھ بینک سیل اورپر تادیبی کارروائی کی وارننگ دیدی،گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی کے ساتھ ساتھ 100فیصد جرمانہ بھی کیا جائیگا ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز کی جانب سے ملک بھر کے 26بینکوں کے سربراہان کو خطوط ارسال کئے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ بینکوں نے 18ہزار 750نادہندہ گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا ہے ۔

تمام بینکوں کے سربراہان کو لکھے گئے خطوط میں کہاگیا ہے کہ بینک اپنی لیز شدہ گاڑیوں کی ماہانہ اقساط بمعہ سود وصول کرتے ہیں،بینک ایکسائز کا ٹوکن ٹیکس خود ادا کرتے ہیں نہ قسطوں پر گاڑیاں لینے والوں کو تاکید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر بینکوں نے ٹیکس بروقت ادا نہیں کیا تو بینکوں کی جائیداد قرقی و نیلامی بھی کی جائیں گی اور تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن کو منسوخ کر دیا جائیگا اور تمام واجب الادا ٹیکس کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے بھی کئے جائیں گے ۔

یاد رہے اس سے قبل محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے 515ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کر دی تھی۔اس حوالے سے ڈائریکٹرموٹرز چوہدری آصف کی طرف سے گاڑیوں کے مالکان کو متنبہ کیا گیا تھھا کہ اپنے ٹوکن ٹیکس 15دن میں جمع کرا دیں بصورت دیگر ان کی گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی معطل کر دی جائے گی۔چوہدری آصف کا کہنا تھا کہ نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کو پہلے بھی نوٹس جاری کیے گئے تھے مگر انہوں نے ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا جس پر 515گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کی گئی تھی۔ ان تمام گاڑیوں کے مالکان مجموعی طور پر 51لاکھ روپے ٹوکن ٹیکس نادہندہ تھے۔ان کا کہناتھا کہ رواں ہفتے مزید ہزاروں ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں