ڈیجیٹل پاکستان کی جانب پیش رفت کیلئے قومی کمیشن، اتھارٹی بنانے کا فیصلہ

وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ کو سات رکنی کمیٹی کی چیئر پرسن ،تانیہ اندروس کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے

بدھ 24 اپریل 2024 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) ڈیجیٹل پاکستان کی جانب تیز رفتار پیش رفت کے لیے نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور ڈیجیٹل پاکستان اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت کی طرف سے یہ فیصلہ ڈیجیٹل پاکستان کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

اس زمرے میں وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ چیئر پرسن اور تانیہ اندروس کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے ۔تشکیل دی گئی 7 رکنی کمیٹی میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل ماہرین شامل ہیں، کمیٹی نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور ڈیجیٹل پاکستان اتھارٹی کے لیے بنیادی کام مکمل کرے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا مقصد نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور اتھارٹی کے لیے قانونی حکمت عملی اور پالیسی کی بنیاد رکھنا ہے، کمیٹی موجودہ اور مستقبل کے گورننس ڈھانچے کے درمیان گیپ کو دور کرے گی۔

کمیٹی اداروں کی نشاندہی کرے گی جہاں ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں، کمیٹی گورننس کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے منصوبے تیار کرے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے باظابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں