پنجاب پولیس کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب ، شیلڈز، میڈلز اور سی سی ون سے نوازا گیا

کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر زیر غور، بہترین ٹریننگ کیلئے اقدامات جاری رہیں گے‘ ڈی جی پولیس سپورٹس بورڈ

جمعہ 26 اپریل 2024 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) پنجا ب پولیس سپورٹس برانچ کی جانب سے پولیس کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں پروقارتقریب منعقد کی گئی جس میں پولیس کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچ اور میچ آفیشلزنے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا،پیٹرن کرکٹ ڈسپلن ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محموداور چیف سپورٹس آفیسر آر پی اوشیخوپورہ اطہر اسماعیل امجد بھی تقریب میں موجود تھے ۔

پیٹرن کرکٹ ڈسپلن ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود نے پولیس کرکٹ ٹیم کو بہترین پرفارمنس پر شاباش دی،پیٹرن کرکٹ ڈسپلن ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود نے کہاکہ پنجاب پولیس کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں فیصل آباد میں منعقدہ شیر سلطان ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، پولیس کرکٹ ٹیم نے پنجاب یونیورسٹی، لیسکو، لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس اوور سیز پلیئر سے کرکٹ سیریز جیتیں، پولیس کرکٹ ٹیم متعدد ٹورنامنٹس میں رنر اپ رہی، دیگر اعزازات بھی اپنے نام کئے اور مجموعی طور پر گذشتہ برس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا نے تقریب میں مختلف کیٹیگریز میں شاندار کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کو میڈلز اور شیلڈز سے نوازا ، پولیس کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد شعیب کو بہترین لیڈر، کوچ محمد ندیم کو بہترین کوچ کی شیلڈز ، رضوان کنڈیال کو بہترین بلے باز، عمر کو بہترین باؤلر، عدنان کو بہترین فیلڈر کی شیلڈز دی گئیں جبکہ ایمرجنگ پلئیر کا ایوارڈ عرفان کو دیا گیا ، کرکٹ ٹیم کے باقی تمام کھلاڑیوں کی میڈلز اور سی سی ون سرٹیفیکیٹس سے حوصلہ افزائی کی گئی،ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑنے کہاکہ پنجاب پولیس میں کھیلوں کی سرپرستی کیلئے اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے، کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر بھی زیر غور ہے جبکہ بہترین ٹریننگ کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں