وزیر اعلیٰ پنجاب کا منشیات کے ناسور کے خاتمہ کا مشن، پنجاب پولیس صوبہ بھر میں مصروف عمل

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 300 چھاپے، 125 مقدمات درج، 128 ملزمان گرفتار‘ ترجمان پنجاب پولیس

جمعہ 26 اپریل 2024 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے منشیات کے ناسور کے خاتمہ کے مشن کیلئے پنجاب پولیس صوبہ بھر میں مصروف عمل ہے ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلے میں صوبہ بھر میں ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 300 چھاپے مارے گئے اورمکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف 125 مقدمات درج کرتے ہوئے 128 ملزمان کوگرفتار کیاگیا۔

ملزمان کے قبضہ سے 55 کلو چرس، 01 کلو ہیروئن، 675 گرام آئس اور 1251 لٹر شراب بر آمد کی گئی ہے ۔26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں منشیات ملزمان کے ٹھکانوں پر 17551 چھاپے مارے گئے ،منشیات فروشوں کے خلاف 8267 مقدمات درج کرتے ہوئے 8759 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 5552 کلو گرام چرس، 99 کلو ہیروئن، 216 کلو افیون، 28 کلو آئس اور 109434 لٹرز شراب بر آمدکی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے سپروائزری افسران کو منشیات نیٹ ورک اور سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ مزید فعال حکمت عملی، سول سوسائٹی، اساتذہ اور والدین کے تعاون سے منشیات کے خلاف آگاہی مہم بھی جاری رکھی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں