سرکاری ریٹ لسٹ پرعملدرآمد انتظامیہ کا بڑا ٹاسک ہے،عظمیٰ بخاری

مریم نواز کو گالم گلوچ بریگیڈ کی نہیں پنجاب کے 11کروڑ عوام کی فکر ہے،عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے پنجاب میں ایک ہفتے کے دوران سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ، یہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے،وزیراطلاعات

ہفتہ 27 اپریل 2024 13:51

سرکاری ریٹ لسٹ پرعملدرآمد انتظامیہ کا بڑا ٹاسک ہے،عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے جو پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے، سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کروانا انتظامیہ کا سب سے بڑا ٹاسک ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں ایک ہفتے کے دوران پیاز 29روپے،ٹماٹر 24روپے اور آلو 22روپے سستے ہوئے ہیں، باقی سبزیوں کی قیمتوں میں بھی 15سے 20روپے تک کمی ہوئی ہے، یہ پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور ٹیمیں صوبے بھر میں متحرک ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کروانا سب سے بڑا ٹاسک ہے، اسکے لیے تمام ڈی سی،اے سی اور کمشنر روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے کریں، مریم نواز کا مشن ہے کہ عوام کو سستی روٹی اور سستی سبزیاں ملیں، عام آدمی کی بنیادی ضروریات میں روٹی اور سبزیاں ہیں، سبزی اور روٹی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ کے مطابق ہی ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہماری وزیراعلی پیاز اور ٹماٹر کی قیمت مقرر کرنے بھی آئی اور عوام کو سستی اشیا خورو نوش فراہم کرنے بھی آئی ہیں،مریم نواز عام آدمی کی آواز ہیں ان کا مشن خواتین اور نوجوانوں کی زندگیوں میں آسانیاں لانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کو گالم گلوچ بریگیڈ کی نہیں پنجاب کے 11کروڑ عوام کی فکر ہے،عوام نے ہمیں مینڈیٹ مسائل کے حل کے لیے دیا انکے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں