پنجاب ، خواتین اساتذہ کے مسائل اور ڈگریز کی ایکولینس کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی بنانے کا اعلان

انتظامی افسران تربیت یافتہ اور میرٹ پر تعینات ہوں گے ،سکول کونسل کو با اختیار بنایا جائیگا۔14 ہزار ایس ایس ایز کی مستقلی 30 جون سے پہلے ہو جائے گی،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 27 اپریل 2024 13:15

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اپریل2024 ء) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پروفیشنل ڈگریز کی ایکولنس اورخواتین اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا،کمیٹی سروس رولز میں ترامیم سمیت پروفیشنل ڈگریز کی ایکولینس اور سرکاری سکولوں کی خواتین اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے اپنی سفارشات مرتب کریگی۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ انتظامی افسران تربیت یافتہ اور میرٹ پر تعینات ہوں گے۔

سکول کونسل کو با اختیار بنایا جائیگا۔14 ہزار ایس ایس ایز کی مستقلی 30 جون سے پہلے ہو جائے گی۔اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ اساتذہ ہمارے تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مسائل کا بروقت ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اسی ضمن میں اساتذہ کے مسائل سے آگاہی کیلئے ٹیچر کمپلینٹ پورٹل اور سٹیزن کمپلینٹ پورٹل بنانے پر کام جاری ہے۔ انہیں ان کے حقوق سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور اساتذہ کے ساتھ گذشتہ 5 سالوں میں کی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ رانا سکندر حیات کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ کی تنخواہوں سمیت دیگر مسائل کے ازالے کیلئے ہر فورم پر اقدامات کئے جائیں گے۔

گزشتہ حکومت نے اساتذہ اور تعلیمی نظام کے ساتھ جو زیادتیاں کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔بوٹی مافیا اور کتابوں کے مافیا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پروان چڑھنے میں مدد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہاساتذہ اور تعلیمی نظام کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی وجہ سے آج نان فارمل سکولوں کے اساتذہ گذشتہ 10 ماہ سے تنخواہوں جیسے جائز حق سے محروم ہیں جبکہ سنگل ٹیچر سکولز بھی گذشتہ حکومت کی ناکام تعلیمی پالیسیوں کو چیخ چیخ کر بیان کر رہے ہیں۔مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میںاساتذہ کو ان کے حقوق دلوائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں