علی امین گنڈاپور پختونوں کے نام پر دھبہ اور غیرت پر سوالیہ نشان ہے

مریم نواز سے متعلق علی امین گنڈاپور پہلے بھی زبان درازی کرچکا، آئندہ ایسی زبان استعمال کی تو تمہارے حلق سے زبان کھنچ لیں گے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 اپریل 2024 23:20

علی امین گنڈاپور پختونوں کے نام پر دھبہ اور غیرت پر سوالیہ نشان ہے
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 اپریل 2024ء) وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور پختونوں کے نام پر دھبہ اور غیرت پر سوالیہ نشان ہے، مریم نواز سے متعلق علی امین گنڈاپور پہلے بھی زبان درازی کرچکا، آئندہ ایسا ہوا تو حلق سے زبان کھنچ لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور پختونوں کے نام پر دھبہ ہے۔

ہمیں علی امین گنڈا پور کی والدہ،بہن اور بیٹیوں سے دلی ہمدردی ہے۔ یہ شخص اپنی زبان اور کردار سے ثابت کر رہا۔جیسا بدتمیز اور بے لگام ان کا لیڈر ہے ویسے ہی یہ خود ہیں۔ ہم نے تو سنا تھا پختون بڑے غیرت مند اور عورت کی عزت کرنے والے ہوتے ہیں؟ لیکن علی امین گنڈا پور جیسا شخص پختونوں کی غیرت پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

ایسے لوگ معاشرے میں عورت کی ترقی اور خوشحالی کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔

علی امین گنڈا پور ایک شر پسند اور شدت پسند ذہنیت کا مالک ہے۔ مجھے پختونوں کی عورتوں کے ساتھ بھی دلی ہمدردی ہے۔ جو علی امین گنڈا پور جیسے شدت پسند ذہنیت کے مالک وزیراعلی کو برداشت کر رہی ہیں۔ مریم نواز کے متعلق علی امین گنڈاپور پہلے بھی زبان درازی کرچکا ہے۔ اگر تم نے ایسی زبان آئندہ استعمال کی تو تمہارے حلق سے وہ زبان کھنچ لیں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ٹو بغیر مینڈیٹ کے مسلط کی گئی ہے یہ تجربہ کامیاب نہیں ہوگا۔ ملکی معیشت کا ان لوگوں کوکوئی احساس نہیں، ذاتی معیشت کیلئے لگے ہوئے ہیں، اس دفعہ وہ پریشان ہیں کہ اس بار ملک میں اتنا پیسہ نہیں ہے وہ کہاں سے کھائیں گے؟۔

بانی پی ٹی آئی ہمارے لیڈر ہیں،ان کی پارٹی ہے، چھوڑ جانے والوں کو واپس لینے کا فیصلہ بھی ان کا ہی ہوگا، شہریار آفریدی کے بیان سے متعلق وہی جواب دے سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ شریف اور زرداری فیملی کوہمیشہ اپنی ذاتی معیشت کی فکر ہے، ذاتی معیشت کے حوالہ سے لوٹ مار اس کا ثبوت ہے، پاکستانی معیشت کا جو اقتدار میں رہ کر حال کیا ، جوتباہی ہوئی وہ بھی سب بھی سامنے ہے۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں