وزیر اعظم کی پاکستانی طلبہ کوریسکیو ،مدد و معاونت فراہم کرنے کیلئے امیر مقام کو فوری بشکیک جانے کی ہدایت

ہفتہ 18 مئی 2024 23:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کرغیزستان میں پاکستانی طلبہ کوریسکیو اور ان کو مدد و معاونت فراہم کرنے کیلئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سرحدی علاقے انجینئر امیر مقام کو فوری بشکیک جانے کی ہدایت کردی۔انجینئر امیر مقام بشکیک میں غیر ملکی طلبہ مخالف حالیہ فسادات کے تناظر میں اعلی سرکاری حکام سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام پاکستانی طلبہ سے ملاقات کریں گے، ان کے مسائل سنیں گے اور یقینی بنائیں گے کہ حالیہ صورتحال میں پاکستانی طلبہ کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نا ہو۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغیزستان میں غیر ملکی طلبہ مخالف فسادات پر گہری تشویش ہوئی ،زخمی پاکستانی طلبہ کو سفارتخانے کی جانب سے علاج معالجے کی بہترین سہولیات میں معاونت یقینی بنائی جائے ،مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ،جو طلبہ پاکستان واپس آنا چاہیںحکومتی اہلکار سرکاری خرچ پر ان کی فوری واپسی یقینی بنائیں ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ طلبہ اور والدین کے مابین روابط کو مسلسل برقرار رکھنے کیلئے سفارتخانہ ہر قسم کی معاونت فراہم کرے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں