پی سی بی کا پی سی بی کے سابق چیئرمین خالد محمود کے کرکٹ ٹیم بارے تبصروں پر مایوسی کا اظہار

ْخالد محمود نے توجہ حاصل کرنے کے مقصد سے غیر ذمہ دارانہ تبصرے کیے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ

اتوار 19 مئی 2024 17:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے سابق چیئرمین خالد محمود کے حالیہ انٹرویو میں قومی کرکٹ ٹیم کے بارے میں تبصروں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ خالد محمود نے توجہ حاصل کرنے کے مقصد سے غیر ذمہ دارانہ تبصرے کیے ہیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ یہ تبصرے ایک اہم وقت پر آئے ہیں جب قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس کے بعد اسے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینا ہے،ایک ایسے وقت میں جب پوری قوم ٹیم کے پیچھے کھڑی ہے، پچیس سال قبل پی سی بی کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینے والے خالد محمود نے توجہ حاصل کرنے کے مقصد سے غیر ذمہ دارانہ تبصرے کیے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے تبصرے مایوس کن اور حوصلہ شکن ہیں اور واضح طور پر کرکٹ کی معلومات سے لاعلمی ظاہر کرتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہاکہ کرکٹ کی بنیاد کے بغیر صرف یہ پیش گوئی کردینا کہ قومی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کوئی چانس نہیں ہے، خالد محمود نے ہمارے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی طرف سے کی گئی اہم پیشرفت اور تیاریوں کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کے اثر کو بھی نظر انداز کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہاکہ پی سی بی کے سابق چیئرمین کے اس طرح کے تبصرے ہمارے کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ شکن اور ان لوگوں کے لیے بھی انتہائی مایوس کن ہیں جو ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھتے ہیں اور اس سفر میں ان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پی سی بی کے سابق چیئرمین کے طور پر خالد محمود سے پی سی بی نے یہ توقع کی کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے زیادہ معاون اور حوصلہ افزا ثابت ہوں گے، بجائے اس کے کہ وہ ایسے تبصرے کریں جو حقیقت میں غلط معلومات پر مبنی ہوں اور ممکنہ طور پر حوصلہ شکنی کا احساس پیدا کرنے کے لیے ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں