70سالہ کینسر کی مریضہ کو علاج کی سہولت نہ ملناافسوسناک ہے،فواد چوہدری

انصاف کا تماشہ بنایا جا رہا ہے، یاسمین راشد اور دیگر خواتین کے کیسز سے پتا چلتا ہے کہ پاکستان میں آئین نہیں ہے،گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 23 مئی 2024 11:43

70سالہ کینسر کی مریضہ کو علاج کی سہولت نہ ملناافسوسناک ہے،فواد چوہدری
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مئی 2024 ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءفواد چوہدری نے کہا ہے کہ 70سالہ کینسر کی مریضہ یاسمین راشد کو علاج کی سہولت نہ ملنا افسوسناک ہے ، انصاف کا تماشہ بنایا جا رہا ہے، بنیادی صحت کی سہولیات ہرشہری کا لازمی حق ہے ۔رہنماءپی ٹی آئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یاسمین راشد اور دیگر خواتین کے کیسز سے پتا چلتا ہے کہ پاکستان میں آئین نہیں ہے کیونکہ آئین کے تحت ٹرائل کے بغیر اتنے لمبے عرصے کیلئے قیدیوں کو جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔

یاسمین راشد کی عمر 70 سال ہے اور وہ کینسر کی مریضہ ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں ایک سال سے بے بنیاد مقدمات میں جیل میںقید رکھا ہوا ہے۔ سپریم کورٹ کو سیاسی قیدیوں کے معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی شدید گرمی کے سبب کوٹ لکھپت جیل میں طبعیت ناساز ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

سخت گرمی کی وجہ سے یاسمین راشد جیل میں بے ہوش ہوگئیں تھیں جس کے بعد جیل انتظامیہ نے انہیں علاج کیلئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا تھا۔ہسپتال کی میڈیکل ٹیم کے مطابق یاسمین راشد کو گرمی کی وجہ سے ڈائریا اور قبض کی شکایات کے باعث ہسپتال لایا گیا تھا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یاسمین راشد کو معدے اور پیٹ میں درد کی شکایت ہے ، انہیں 24گھنٹے انڈر آبزرویشن میں رکھا جائے گا۔

سروسز ہسپتال انتظامیہ کا کہناتھا کہ یاسمین راشد گزشتہ روز سے جیل میں قے کر رہی تھیں، انہیں معدے اور پیٹ میں درد کی شکایت ہے۔ ان کا اسکین ہوچکا ہے ، مزید ٹیسٹ بھی کئے جائیںگے۔ جیل حکام کے مطابق یاسمین راشد کا بلڈ پریشر زیادہ تھا۔ متلی اورقے کے باعث انہوں نے صبح سے کچھ نہیں کھایا ، ان کے جسم میں پانی کی کمی بھی ہو گئی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں