لاہور سمیت ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2018ء) لاہور سمیت ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس دن کی مناسب سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ذوالجناح کے مرکزی جلوس سمیت دیگر چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برپا کئے گئے اور مجالس عزا منعقد کی گئیں، جن میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کر کے زنجیر زنی، نوحہ خوانی، ماتم اور گریہ زاری کی جبکہ مجالس میں ذاکرین اور شیعہ علمائے نے واقعہ کربلا پر اظہار خیال کیا، لاہور میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس جمعہ کی رات اندرون موچی دروازے نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا بعد نماز مغرب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، جس کے بعد کربلا گامے شاہ میں شام غریباں برپا کی گئیں، یوم عاشور کے موقع پر لاہور کی انتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے جس کے تحت اندرون موچی دروازہ سے کربلا گامے شاہ تک ذوالجناح کے مرکزی کے روایتی راستوں کی جانب آنے والے تمام راستوں کو کنٹینرز، خار دار تاروں اور قناتوں سے بند کیے رکھا، روٹ کے دووں جانب عمارتوں پر سنائپر تعینات تھے۔

(جاری ہے)

کسی شہری کو ان عمارتوں کی چھتوں اور کھڑکیوں میں کھڑے ہونے کی اجازت نہیں تھی جبکہ ذوالجناح کے مرکزی جلوس کو نصب سی سی ٹی وی کیمروں اور پولیس کی گاڑیوں پر لگے کیمروں سے مانیٹر کیا جاتا رہا، اس سلسلے میں سیکرٹریٹ میں باقاعدہ مانیٹرنگ سنٹر میں مانیٹر کیا جاتا رہا۔ یوم عاشور کے موقعہ پر جہاں عام تعطیل تھی وہاں پر ڈبل سواری پر پابندی کے ساتھ ساتھ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بند رہی، ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کے لئے باقاعدہ ٹریفک پروگرام دے رکھا تھا، جبکہ ذوالجناح کے مرکزی جلوس سمیت شہر بھر میں فضائی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری رہا، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں بھی جلوس کے ہمراہ رہیں جبکہ 50 سے زائد ایدھی ایمبولینسیں شہر کے مختلف علاقوں میں موجود رہیں، شہریوں نے نیاز بھی تقسیم کیں جبکہ جلوس کے راستے پر جگہ جگہ مشروبات کی سبیلیں لگائی گئی تھیں جبکہ تمام دن شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرنے کے لئے آتے رہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں