صوبہ پنجاب کا بجٹ مشکل حالات میں ٹیکس فری، عوام دوست اور اصلاحی بجٹ ہے، انصرمجید خان

منگل 16 اکتوبر 2018 22:38

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے مالی سال 2018-19 ء کے صوبہ پنجاب کے بجٹ کو مشکل حالات میں ٹیکس فری، عوام دوست اور بہترین اصلاحی بجٹ قرار دیا ہے، انصر مجید خان نے حکومت پنجاب کے بجٹ کو 100روزہ پلان کا حقیقی آئینہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوشل سیکٹر اور ہیومن ڈویلپمنٹ کا فروغ تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ ’’انصاف صحت کارڈز‘‘ کے اجراء کے علاوہ صحت کے شعبے کیلئے 284ارب اور تعلیم کیلئے 373ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جوحقیقی معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی ہے، انہوں نے کہا کہ محنت کش اور مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ، کم از کم اجرت یقینی بنانے اور استحصال کے خاتمے پر مبنی حقیقی مزدور دوست لیبر پالیسی لائی جا رہی ہے جبکہ فرسودہ قوانین میں نتیجہ خیز ترامیم متعارف کروائی جا رہی ہیں، انصر مجید خان نے کہا کہ آئندہ 5سالہ ترقیاتی پروگرام کے تحت عوام کو بنیادی ضروریات، خوراک، تعلیم، صحت، روزگار اور ’’اپنا گھر‘‘ کی فراہمی کو مقدم رکھا گیا ہے جبکہ نوجوان طبقے، سرمایہ کاروں اور کسانوں کیلئے بھی حالیہ بجٹ میں اکنامک پیکج متعارف کر وایا گیا ہے، انصرمجید خان نے کہا کہ حکومت پنجاب بیروزگاری کے خاتمے کیلئے نئی صنعتوں کے قیام، نجکاری اور تجاری و کاروباری شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیگی، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا حالیہ بجٹ حقیقی معنوں میں ترقیاتی اور جمہوری نظام کا آئینہ دار ہے، تحریک انصاف کے کلین اینڈ گرین پنجاب منصوبے کے ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں