پاکستان کے اہلِ قلم علامہ اقبالؒ کے آزاد و خود مختار ملک کے خواب کی تکمیل کر رہے ہیں،میاں محمد جاوید

جمعرات 15 نومبر 2018 18:43

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) نظریہ پاکستان کونسل کے سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کے اہلِ قلم جذبہٴ حب الوطنی کے تحت وطنِ عزیز کی سربلندی کیلئے اپنی بہترین فکری تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لا کر شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے اس خواب کی تکمیل کا سفر طے کر رہے ہیں جو انہوں نے ایک آزاد اور خود مختار ملک کی شکل میں ایک صدی پہلے دیکھا تھا، ان خیالات کا اظہار نظریہ پاکستان کونسل کے سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید نے کونسل کے تحت ہفتہ تقریباتِ اقبال کے حوالے سے ماہانہ فکری و ادبی پروگرام نقطہ نظر میں منعقدہ مشاعرہ بیادِ اقبال میں صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کونسل اپنے پروگرام میں مقاصدِ پاکستان کی ترویج کے حوالے سے ترجیحی سرگرمیاں ترتیب دیتی ہے تاکہ ہر طبقہ فکرکے عوام اور خصوصاً نئی نسل اپنی تاریخ اور تاریخ ساز شخصیات سے وابستہ رہے،مذکورہ تقریب اِسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں موجود شعراء اور شاعرات نے انتہائی فکر انگیز کلام میں نہ صرف یہ کہ شاعرِ مشرق کی عظیم شخصیت اور فنی کمالات کو خراجِ تحسین پیش کیا بلکہ اپنے معیاری کلام سے شعراء ادب میں موجود جدید رجحانات کی بھر پور عکاسی کی، تقریب میںحسن عباس رضا، طارق نعیم، وفا چشتی، ڈاکٹر ارشد ناشاد، اصغر عابد، فیصل عزیز ، علی قسور خلیق، فرحین چوہدری، طاہرہ عندلیب، ارشد چہال، علی یاسر، سائل نظامی، حیدر فاروق سمیت متعدد شعراء نے کلام پیش کیا، محفلِ مشاعرہ میں یونیورسٹی کی سطح کے طلبہ، سول سوسائٹی اورمیڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں