حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں پرائیویٹ ڈرائیونگ سکول بند کر کے ضلعی پولیس لائینز میں ڈرائیونگ سکول کھولنے کی ہدایت کر دی

ہفتہ 17 نومبر 2018 20:19

لاہور۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) حکومت پنجاب نے ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیا ع اور جعلی کاغذات کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس بنانے والے ذرائع کو ختم کرنے کیلئے صوبہ بھر میں پرائیویٹ ڈرائیونگ سکولوں کو بند کر کے انکی جگہ صوبہ بھر کے تمام اضلاع کی پولیس لائینز میں سرکاری سطح پر ڈرائیونگ سکول کھولنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بات ڈی ایس پی ٹریفک شیخوپورہ چوہدری محمود علی گجر نے بتائی اس موقع پر سرکاری ڈرائیونگ سکول کے پہلے پرنسپل چوہدری اعظم بسراء۔سب انسپکٹر سکندر اور چیف وارڈن سول ڈیفنس چوہدری الیاس گجر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے تمام امیدوار سرکاری سکول سے ٹریننگ کے بعد سند حاصل کر کے لائسنس اپلائی کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

چوہدری محمود علی گجر نے کہا جعلی کاغذات کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس بنانے والے ایجنٹوں کی کاروائی ختم ہوجائے گی۔میرٹ کی بنیاد پر اور ڈرائیونگ کے تمام مراحل سے گزر کر لائسنس حاصل کیا جاسکے گا۔ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں ڈی پی او جہانزیب نذیر خان سرکاری سطح پر ڈرائیونگ سکول کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔مذکورہ ڈرئیوانگ سکول کے پرنسپل سابق ڈی ایس پی ٹریفک اعظم بسرا ہونگے جبکہ انکے ہمراہ سکندر ہونگے،صوبہ پنجاب کے 36 اضلاع میں پرائیویٹ ڈرائیونگ سکولوں کو بند کر کے انکی جگہ صوبہ بھر میں سرکاری ڈرائیونگ سکول کا باقاعدہ افتتاح چند روز میں ہر ضلع کا ڈی پی او کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں