بھارت سے آئے اور پاکستان بھر سے ہزاروں ہندوئوں کی مذہبی عباد ات کی ادائیگی و خصوصی پوجا پاٹ

پاکستان میں ہماری عبادت گاہوں کی حفاظت وخوبصورتی اور تمام تر سہولیات کی فراہمی پر بیحد شکر گزار ہیں‘یو دھیشٹر لال ہم امن بھائی چارے اورمحبت کا پیغام لیکر آئے ہیں ،پاکستان کی ترقی ،خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں ‘سائیں کشن لال کا خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) ہندو مذہب کے تاریخی شادانی دربار میر پور میتھلو میں مرکزی تقریبات بھارت سے ہندو رہنماء یودھشٹرلال کی قیادت میں 209 ہندو یاتریوں سمیت پاکستان بھر سے ہزاروں ہندو مر د و خواتین کی مذہبی عباد ات کی ادائیگی و خصوصی پوجا پاٹ ،خطے میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔سیکرٹر ی متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق وزیر تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل فراز عباس،پی آر او عامر حسین ہاشمی و دیگر بورڈ افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام غیر مذہب خالصتاًپاکستانی ہیں ،وفاقی حکومت کے احکامات اور پروٹوکول کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ ہندو یاتریو ں کو تمام تر سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے ۔ ہندو جتھ لیڈر یو دھیشٹر لال نے کہا کہ پاکستان میں ہماری عبادت گاہوں کی حفاظت وخوبصورتی اور تمام تر سہولیات کی فراہمی پر ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزارت مذہبی امور کے بے حد شکر گزار ہیں ۔

ہمارے لیے رہائیش لنگر ،میڈیکل اور ٹرانسپورٹ کے بہترین اقدامات کیے گئے ہیں ۔پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری کو مذہبی آزاد ی حاصل ہے جس سے یہ بات واضح ہے کہ پاکستان ایک پر امن اور اقلیت نواز ملک ہے ۔ بھارت سے آئے سائیں کشن لال نے کہا کہ ہم امن بھائی چارے اورمحبت کا پیغام لیکر آئے ہیں پاکستان آمد پر پر جوش انداز میں ہمارا استقبال کیا گیا ۔

ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں ہمیں یہاں تمام تر سہولیات میسر ہیں جس پر ہم چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طاہر احسان کا شکر گزار ہوں ۔بھارت سے آئے یاتری ڈاکٹر مہر چند،سودام چند ،شنکر لال شادانی و دیگر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پاکستان آنے پر ہماری مہمان نوازی اور تقاریب کا انعقاد ہمارے لیے بڑا اعزاز ہے جس پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔

متروکہ وقف املا ک بورڈ کے پی آر او عامر حسین ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں میڈیا کا شکر گزار ہوں جویا تریوں کو پاکستان سے ملنے والی محبت مذہبی بھائی چارے مہمان نوازی کو پوری دنیا میں پہچاتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہندو یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور ملازمین محنت کر رہے ہیں ۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل شرائنز سید فراز عباس نے تقریب میں موجود میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہندویاتریوںکی مہمان نوازی کے لیے فول پروف سیکیورٹی سمیت تمام تر سہولیتا فراہم کی جا رہی ہیں ۔یاتری اپنی مذہبی دورہ مکمل ہونے پر 16دسمبر کو واپس بھارت جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں