وزیر اعلیٰ پنجاب شکایات سیل میں سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں‘ ڈائریکٹر شکایات سیل

سائلین کو وزیر اعلیٰ کے مہمان کا درجہ دیا جاتا ہے‘شکایات کا فالو اپ کرنے سے افسران کے رویوں میں بھی تبدیلی آرہی ہے۔ڈائریکٹر شاہد قادر

جمعہ 7 دسمبر 2018 22:32

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شکایات سیل کے ڈائریکٹر شاہد قادر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر دوردراز علاقوں سے آنے والے سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔پہلے سو دنوں میں شکایات سیل کو ہزاروں مختلف نوعیت کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔یہاں جمعہ کے روز اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شکایات سیل کے ڈائریکٹر شاہد قادر نے کہا کہ زیادہ تر شکایات پولیس‘ریونیو‘واسا اور سٹی گورنمنٹ کے حوالے سے آرہی ہیں۔

سائلین کی شکایات کا فوری طور پر ناصرف ازالہ کیا جارہا ہے بلکہ اس کا فالو اپ بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا مقصد عام آدمی کو میرٹ پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر شکایات سیل میں آنے والے سائلین کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے مہمان کا درجہ دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بوڑھے سائلین کے لئے بیٹھنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت کے پہلے سو روز میں اداروں میں میں واضح تبدیلی آچکی ہے‘ہسپتالوں‘ایجوکیشن اور ریونیو سمیت دیگر اداروں میں افسران نے بھی اپنا قبلہ درست کر لیا ہے اور ان کے رویوں میں بھی واضح تبدیلی آچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ شکایات لے کر آنے والے افراد کے مسائل خدمت خلق کے جذبے کے تحت حل کئے جارہے ہیں‘انہوں نے مزید کہا کہ کوئی کام التواء کا شکار نہیں ہوتا اور انہیں عوام کے مسائل کا ازالہ کر کے خوشی محسوس ہوتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں