وزیر صنعت پنجاب سے پاکستان وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن ، متحدہ نان روٹی بیکرز کے وفود کی ملاقاتیں

سابق حکمرانوں نے صنعت کا بیڑا غرق کیا اور ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صنعتیں پنجاب سے منتقل ہوئیں صنعت کا پہیہ چلے گا تو معیشت پھلے پھولے گی، صنعتکاروں کے جائز مسائل حل کریں گے‘میاں اسلم اقبال

بدھ 12 دسمبر 2018 22:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے سول سیکرٹریٹ میں پاکستان وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن ، متحدہ نان روٹی بیکرز ایسوسی ایشن کے وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کا پہیہ چلے گا تو معیشت پھلے پھولے گی۔

سابق حکمرانوں نے صنعت کا بیڑا غرق کیا اور ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صنعتیں پنجاب سے منتقل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو تنگ کرنے کی بجائے انہیں سہولتیں فراہم کرنا ہیں اسی لئے پنجاب حکومت انسپکٹرلیس رجیم لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ نظام آنے سے کوئی صنعتکاروں کو تنگ نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ گھی کی صنعت کو درپیش جائز مسائل حل کئے جائیں گے اور میں صنعتکاروں کا نمائندہ بن کر مسائل حل کروں گا۔

میں آپ کے جائز مسائل کے حل کے لئے آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہمیں صنعتوں کے فروغ میں حائل خرابیوں کو مل کر دور کرنا ہے۔ پاکستان وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق اللہ صوفی نے کہا کہ گھی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ گزشتہ 10سالوں میں صنعتوں کو نقصان پہنچا اور ہمیں قوی امید ہے کہ صوبائی وزیرصنعت کی صنعتوں کی بحالی کی کاوشیں رنگ لائیں گی۔

صوبائی وزیرصنعت نے متحدہ نان روٹی بیکرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے اور ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارا مقصد کروڑوں عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو ریلیف کی فراہمی کے لئے تندوروں کے حوالے سے گیس کی قیمتوں میں اضاف کا نوٹیفکیشن واپس لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نان اور روٹی کے وزن اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جو بھی ایسا کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ روٹی اور نان کا وزن چیک کرنے والی مانیٹرنگ ٹیم میں متحدہ نان روٹی بیکرز ایسوسی ایشن کے دو نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ اس طرح کوئی آپ کو بلیک میل نہیں کر سکے گا اور کوئی آپ کے ساتھ زیادتی نہیں کر سکے گا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ماڈل بازاروں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں 32ماڈل بازار کام کر رہے ہیں جہاں عام آدمی کو معیاری اشیائے خوردونوش رعایتی نرخوں پر مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی، دالوں اور سبزیوں کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔ سیکرٹری صنعت ، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز اور مختلف محکموں کے افسران بھی ان مواقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں