نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کو پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بنانے کا فیصلہ

منگل 22 جنوری 2019 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کی زیرِ صدارت پھاٹا بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز محکمہ ہاؤسنگ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی ضیاء الدین ستی، جنرل سیکرٹری ہاؤسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب سمیت تمام بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈ ممبران کے مشترکہ فیصلے سے 46 ویں بورڈ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پھاٹا کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پھاٹا ممبر زبیر عمران خواجہ کی سربراہی میں بنائی گئی سب کمیٹی نے اپنی سفارشات بھی پیش کیں۔ وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا کہ بورڈ ممبرز کی مشاورت کے بعد ان سفارشات پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 25 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کے ایک عظیم منصوبہ ہے جسے مناسب انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پھاٹا کی استعداد کار میں اضافہ بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کو پیشہ ورانہ انداز میں آگے برھانے کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام سے سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں، چشتیاں اور رینالہ خورد اوکاڑہ کے منصوبوں پر کام آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں سیالکوٹ اور چنیوٹ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت سستے گھروں کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ ان شہروں میں ہاؤسنگ سکیموں کے لے آؤٹ پلانز اور پی سی-II تیار کیے جا چکے ہیں اور جلد یہاں بھی ترقیاتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں فیصل آباد، بوریوالہ اور لیہ میں ہاؤسنگ منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں