قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے وطن عزیز کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ضروری ہے،صاحبزادہ حامد رضا

پاکستان جیسے عظیم عطیہ خداوندی کی قدر کرنا ہو گی۔ استحکام وطن کے لئے لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ ناگزیر ہے

ہفتہ 23 مارچ 2019 22:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے وطن عزیز کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ضروری ہے۔ ہمارے اندرونی اتحاد سے بیرونی دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے۔ نظریہ پاکستان کی روشنی میں نئی نسل کی تربیت کی ضرورت ہے۔

پاکستان نور ہے اور نور کو زوال نہیں۔ پاکستان جیسے عظیم عطیہ خداوندی کی قدر کرنا ہو گی۔ استحکام وطن کے لئے لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ نظریہ پاکستان پر عمل ہی بقائے پاکستان کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ میں یوم پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سنی اتحاد کونسل نے یوم پاکستان کو پاکستان زندہ باد کے نام سے منایا۔ اس موقع پر ملک بھر میں پاکستان زندہ باد کانفرنسیں اور ریلیاں منعقد کی گئیں اور مساجد و مدارس پر پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کے تحفظ، بقا اور سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمن ناکام و نامراد ہوں گے۔ پاکستان تا قیامت قائم رہنے کے لئے بنا ہے۔ اختلافات بھلا کر قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے جدوجہد تیز کرنا ہو گی۔ پاکستانیت کی سوچ اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ قومی یکجہتی کے ذریعے ہی وطن عزیز کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ تحریک پاکستان کے قائدین قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ پوری قوم تحریک پاکستان کے راہنماؤں اور شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانا ہو گا۔ تعمیر پاکستان کے لئے تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں