ایل ڈی اے کی اعلیٰ شخصیت کے بیٹے کی سالگرہ کی تقریب پر سپورٹس کمپلیکس میں ممبران کے داخلے پر پابندی عائد

پابندی کے خلاف احتجاج کرنے پر ایل ڈی اے انتظامیہ کے ایماء پر خواتین ممبران کو شدید زدوکوب کیا گیا ایل ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے ادارے کے وسائل کا بے دریغ استعمال وطیرہ بن گیا ہی: ذرائع

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2019ء) ایل ڈی اے کی اعلیٰ شخصیت کے بیٹے کی سالگرہ کی تقریبات کے نام پر جوہر ٹائون میں واقع سپورٹس کمپلیکس میں ممبران کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ پابندی کے خلاف احتجاج کرنے پر ایل ڈی اے انتظامیہ کے ایماء پر خواتین ممبران کو شدید زدوکوب کیا گیا جبکہ ایک خاتون ممبر کی فیملی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

دیگر ممبران کے احتجاج پر سپورٹس کمپلیکس میں بچوں کی سالگرہ کرنے والی ایل ڈی اے کی اعلیٰ شخصیت سے منت سماجت کے بعد صلح کر لی، تاہم ایل ڈی اے انتظامیہ کے دبائو پر حساس نوعیت کے معاملے کو گول کر دیا گیا ہے، انتہائی باوثوق محکمانہ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایل ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے ادارے کے وسائل کا بے دریغ استعمال وطیرہ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

سابقہ دور حکومت کی طرز پر غیر ضروری اخراجات فرمائشی منصوبوں پر خرچ کرنے کا سلسلہ موجودہ دور میں بھی عام ہو گیا ہے اسی تناظر میں گزشتہ روز ایل ڈی اے کی اعلیٰ شخصیت نے اپنے بچوں کی سالگرہ کی تقریبات کے لئے جوہر ٹائون سپورٹس کمپلیکس میں تقریبات منعقد کرنے کے لئے بکنگ کروا لی جبکہ تقریبات سے قبل تمام ممبران کے کمپلیکس میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی، اسی دوران چند ممبران کمپلیکس داخل ہوئے تو داخلی راستے پر سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روک لیا، جس پر تلخ کلامی کا سلسلہ شروع ہو گیا، معاملات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران موقع پر پہنچ گئے، اس دوران ایک فیملی نے داخل ہونے کی کوشش کی تو ایل ڈی اے کے اعلیٰ افسران سے تکرار ہو گئی جس پر موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے خواتین ممبران کو سخت ہراساں کیا اور ان کے ہمراہ دیگر مرد ممبران کو تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں دیگر ممبران کے سخت احتجاج پر ایل ڈی اے کے افسران نے منت سماجت کر لی۔

تاہم جوہر ٹائون سپورٹس کمپلیکس کے ممبران نے وزیراعظم پاکستان سے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں