صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

پنجاب کے 18اضلاع میں پرانی ٹیکنالوجی کے بھٹوں کو بند کردیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ڈینگی طرز پر کابینہ کمیٹی برائے سموگ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے،سموگ پالیسی کونسل اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لی گئی ہے، ڈی جی ماحولیات کی بریفنگ

منگل 10 دسمبر 2019 00:15

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان کی زیر صدارت محکمہ ماحولیات کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں صوبائی وزیر کو پنجاب ماحولیاتی تحفظ کونسل کی تشکیل نو کی سمری اورڈینگی کی طرز پر سموگ کابینہ کمیٹی کے قیام پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری ماحولیات صائمہ سعید نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ماحولیاتی کونسل کی تشکیل نو کیلئے ایک سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے ،جس میں سرکاری و غیر سرکاری ممبران کی تفصیل موجود ہے۔

ماحولیاتی کونسل کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ڈینگی کی طرز پر کابینہ کمیٹی برائے سموگ کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سموگ کابینہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب خود اجلاس کی صدارت کریں گے اور سموگ پالیسی کونسل اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تجویز کے مطابق کونسل کے چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب، وائس چیئرمین صوبائی وزیرماحولیات ہوں گے جبکہ سرکاری ممبران میںای پی ڈی، پی اینڈ ڈی، فنانس، آبپاشی، صحت، ایچ یو ڈی اور پی ایچ ای، جنگلات اور ماہی گیری، ایل جی اینڈ سی ڈی کے سیکرٹریز شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ ایم پی ایز خدیجہ عمر،محمد اشرف خان ،ساجد احمد خان کو ملاکر 25غیر سرکاری ممبران جنکا تعلق مختلف چیمبرز آف کامرس اور دیگر اہم محکموں کے نمائندگان شامل ہیں۔

ڈی جی ماحولیات تنویر وڑائچ نے صوبائی وزیر کوبتایا کہ پنجاب کے 18اضلاع میں پرانی ٹیکنالوجی کے حامل بھٹوں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب اور محکمہ سے بلا اجازت تعمیر اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے بھٹوں وغیرہ کی نشاندہی کر نے کیلئے ای پی اے نے بھی ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ڈی جی ماحولیات نے ممبران کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ممبران میں ڈپٹی ڈائریکٹر (I&S)عظمت ناز،انسپکٹرو ڈی ڈی محمد منتاز،ٹیکنیکل لیب سے محمد طاہر،ڈی ڈی ای ڈی ایچ اظہر اقبال،ریسرچ آفیسر محمد ارشد اور انسپکٹر و ڈی ڈی محمد حسنین شامل ہوں گے۔

صوبائی وزیر محمد رضوان نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر کنڑول پانے کیلئے پہلی مرتبہ وفاق اور پنجاب ملکر ایک جامع حکمت عملی طے کر رہے ہیں اور امید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ذاتی دلچسپی کے بعد بہت جلد دیرینہ مسائل پر قابو پالیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نسیم شاہ، ڈپٹی ڈایریکٹر میاں اعجاز اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں