موجودہ دور حکومت میں مدارس و مساجد کیلئے مشکلات کم ہوئی ہیں، طاہر محمود اشرفی

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:14

لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام میں مدارس و مساجد کا کردار بہت اہم ہے ، مدارس و مساجد کے مسائل کے حل کیلئے حکومت ہر سطح پر کوششیں کر رہی ہے ، مدارس کی وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر( ر) سید اعجاز شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مدارس کا وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کا معاہدہ موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے ، مدارس کے طلباء بھی سکولز اور کالجز کے طلباء کی طرف اس معاشرے کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی خدمت میں مدارس و مساجد کا کردار بہت اہم ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے اسلامی ممالک سے تعلقات کو بہتر کیا ہے ، ہمارے تعلقات اسلامی دنیا میں مضبوط ہیں۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں مدارس و مساجد کیلئے مشکلات کم ہوئی ہیں، حکومت کی طرف سے مساجد و مدارس کے لیے مثبت معاملات پر شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست کیلئے بنا ہے ، حکومت مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست کی طرف قدم بڑھائے ، علماء و مشائخ مکمل تعاون کریں گے، انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کیلئے پاکستان علماء کونسل اور وفاق المساجد و المدارس پاکستان نے پہلے بھی حکومت سے تعاون کیا ہے آئندہ بھی کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں