انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور ورچوئل یونیورسٹی کے درمیان معاہدے کی یادداشت پر دستخط

آئی پی ایچ بیماریوں کی روک تھام کرکے صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں،دونوں ادارے تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں معاونت کریں گے، لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول

پیر 24 فروری 2020 19:48

لاہور۔24 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے درمیان معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہو ئی، اس موقع پر وی یو پی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہٰی بشیر، ریکٹر نسیم طارق اور دونوں اداروں کے فیکلٹی ممبرز موجود تھے ۔ چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول، ریکٹر وی یو پی نعیم طارق ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر اور ڈین وی یو پی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہٰی نے معاہدے پر دستخط کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ اورسابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے کہا کہ آئی پی ایچ بیماریوں کی روک تھام کرکے صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے پبلک ہیلتھ کی اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے قومی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں، جامعات اور عالمی ادارہ صحت سے مشترکہ اقدامات اٹھا رہا ہے اور تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر حفظان صحت کے اصولوں کے بارے شعور اجاگر کرنے کی سخت ضرورت ہے تاکہ لوگ اپنے آپ کو بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔ ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام کوعلاج کی سہولیات میں اضافہ کے ساتھ احتیاطی پروگرام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اس مقصد کیلئے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ مختلف بیماریوں کی روک تھام، تحقیق کے ساتھ پبلک ہیلتھ کے مختلف شعبوں میں ایم فل ،ایم پی ایچ اور ڈپلومہ کورسزکروا رہا ہے اور پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ تیار کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ آئی پی ایچ میں سالانہ 100ریسرچ پیپرز شائع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کی یادداشت پر دستخط کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون سے میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم کو مزید فروغ ملے گا۔ ڈین وی یو پی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہٰی نے کہا کہ اس معاہدے کی رو سے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور وی یو پی مشترکہ ٹریننگ اور کپیسٹی بلڈنگ کے پروگرام ترتیب دیں گے ۔ دونوں اداروں کے اساتذہ اور طلبہ انکے وسائل سے استفادہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی کام کے سلسلہ میں آئی پی ایچ اور وی یو پی کی لیبارٹریز کی سہولیات سے استفادہ ممکن ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں