حکومت نے رمضان میں طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے کیلئے پیشگی تیاریاں شروع کر دی ہیں‘ ہمایوں اختر خان

جمعرات 27 فروری 2020 18:10

لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اورعملی اقدامات کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ استحکام آیا ہے ،ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا ، حکومت نے رمضان المبارک میں طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے کیلئے پیشگی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے این اے 131کے دورہ کے موقع پر حلقے کے لوگوں سے ملاقات اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔ معیشت کی صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے جس کے اثرات عام عوام کی زندگیوں پر بھی مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا منفی پراپیگنڈا دم توڑ گیا ہے اور انہیں ہر میدان میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یہی ان کا مقدرہے ۔

بطور اپوزیشن عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی لانے کے لئے تجاویز دینے کی بجائے صرف اپنی کرپشن کا واویلا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی عوام کو ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جس کے لئے حکومت کوشاں ہے اور اس میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ ہمایوں اختر خان نے اس موقع پر عوام سے تجاویز بھی حاصل کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ انہیں حکومت کی سطح پر پر پیش کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں