بی بی پاک دامن دربار کی توسیع کیلئے درخواستوں پر چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری اوقاف اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سے رپورٹس طلب

جمعرات 27 فروری 2020 19:54

لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے بی بی پاک دامن دربار کی توسیع کیلئے دائر درخواستوں پر چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری اوقاف اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سے 12 مارچ کو تفصیلی رپورٹس طلب کرلیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سوالات کے تفصیلی جواب داخل کریں۔

عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ قبرستان کیلئے اراضی ایکوائر کرنے بارے کیا اقدامات کئے گئے اور بی بی پاکدامن مزار کی توسیع کا نقشہ پر عملدرآمد سے زائرین مشتعل ہونگے یا نہیں، یہ بھی بتایا جائے کہ ماہر تعمیر نیئر علی دادا کے نقشے پر عملدرآمد ممکن ہے یا نہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے سیدہ زہرا اور عاصمہ ممدوٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم پر سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، چیف انجینئر پنجاب ودیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کہاں ہیں، اپنے محکمے کے اہلکاروں کو دیکھا کس طرح کام کررہے ہیں، کام کسی کو کہا جاتا ہے اور آگے کسی اور طرف بھجوا دیا جاتاہے، جس پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے عدالت کے روبرو معذرت کرتے ہوئے کہا کہ زونل چیف انجینئر تبادلہ ہونے کی وجہ سے سائٹ پر نہیں جاسکا۔

عدالت نے سیکرٹری اوقاف سے استفسار کیا کہ اس حوالے سے فنانس ڈویژن کا فیصلہ کہاں ہے اور اس پر کیا پیش رفت ہوئی ہے آگاہ کیا جائے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بی بی پاکدامن مزار پر ہزاروں زائرین زیارت کیلئے آتے ہیں۔ دربار میں گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، زائرین کو درپیش مشکلات کے سبب ماہر تعمیرات سید حسن رضا نے دربار کی توسیع کیلئے ڈیزائن بنایاہے جبکہ سید حسن رضا کے ڈیزائن کی منظوری وزیراعظم دے چکے ہیںلیکن محکمہ اوقاف کے حکام وزیراعظم کی منظوری کو نظر انداز کرکے نیئر علی دادا کے مسترد شدہ ڈیزائن پر عملدرآمد کیلئے بضد ہیں، محکمہ اوقاف دربار پر جمع ہونے والا چندہ دربار کی توسیع پر خرچ نہیں کرنا چاہتا جبکہ دربار پر جگہ کم ہونے کی وجہ سے زائرین کیلئے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت صوبائی حکومت کو مزار پر سہولیات فراہم کرنے اور مزار کی توسیع کرنے کا حکم دے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں