کورونا وائرس ڈاکٹروںکو نشانہ بنانا شروع کردیا، لیڈی ڈاکٹر سمیت 5 جاں بحق ہو گئے

جاں بحق ڈاکٹر زمیں سے دو کا تعلق لاہور، ایک گوجرانوالہ، ایک ہنگو جبکہ ایک کا فیصل آباد سے ہے

ہفتہ 30 مئی 2020 00:07

لاہور/گوجرانوالہ/فیصل آباد/ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2020ء) کورونا وائرس ڈاکٹروںکو نشانہ بنانا شروع کردیا، لیڈی ڈاکٹر سمیت 5 جاں بحق ہو گئے،جاں بحق ڈاکٹر زمیں سے دو کا تعلق لاہور، ایک گوجرانوالہ، ایک ہنگو جبکہ ایک کا فیصل آباد سے ہے۔ لاہور جنرل ہسپتال کے ایم ایس بھی وبائی مرض کا شکار ہوکر آئیسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

تفصیل کے مطابق کورونا وائرس کیساتھ فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرزبھی اس کا نشانہ بننا شروع ہو گئے ۔ کورونا سے زندگی کی بازی ہارنے والے لاہور کے ڈاکٹرز کا نام ثنا فاطمہ اور سلمان طاہر ہیں۔ ڈاکٹر ثنا فاطمہ ایف سی پی ایس جبکہ سلمان طاہر ایم بی بی ایس فورتھ ایئر کے طالب علم تھے۔نجی لیبارٹری میں کام کرنے والی 39 سالہ سینئر ڈاکٹر ثنا فاطمہ 20 مئی سے نجی ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھیں جو گزشتہ روزطبیعت بگڑنے کے باعث خالق حقیقی سے جا ملیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور کے نجی میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس فورتھ ائیر کے طالبعلم سلمان طاہر کو تیز بخار کے باعث داخل کروایا گیا، مگر کورونا کا وائرل لوڈ زیادہ ہونے کے باعث 24 گھنٹوں میں ہی ان کی نجی ہسپتال کے آئی سی یو میں موت واقع ہوگئی۔ڈاکٹر سلمان طاہر کے والد پروفیسر طاہر سلیم نجی ہسپتال میں پیڈیاٹرک وارڈ کے انچارج جبکہ ان کی والدہ ڈاکٹر شبانہ نجی ہسپتال میں گائنالوجسٹ ہیں۔

ادھر گوجرانوالہ کے ڈاکٹر نعیم اختر بھی کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گئے ہیں وہ لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھے اور سوشل سکیورٹی ہسپتال میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ ڈاکٹر نعیم اختر ماہر نفسیات تھے۔ اسی طرح لاہور جنرل ہسپتال کے ایم ایس بھی کورونا کا شکار ہوکر آئیسولیشنمیں چلے گئے ہیں۔ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کی رپورٹ گزشتہ روزمثبت آئی تھی جس کے بعد انہیں ہوم آئیسولیٹ کردیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق خبریں ہیں کہ پشاور میں بھی کورونا وائرس میں مبتلا ایک ڈاکٹر نے دم توڑ دیا ہے۔ جاں بحق ڈاکٹر کا تعلق ہنگو کے نجی ہسپتال سے تھا۔فیصل آباد میں کورونا سے ایک اور ڈاکٹر زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق سٹی صدر ڈاکٹر سید ناصر علی کورونا میں مبتلا ہو کر جاں حق ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر ناصر علی نجی میڈیکل کلینک چلا رہے تھے، ان کی تین روز قبل طبیعت خراب ہوئی اور آج انتقال کر گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں