ون ونڈو سیل ایل ڈی اے کا چہرہ ہے، اس کی کارکردگی مزید بہتر کی جائے اورشہریوں کے کام فاسٹ ٹریک پر انجام دیئے جائیں‘ ڈی جی ایل ڈی

بدھ 28 اکتوبر 2020 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2020ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے کہا ہے کہ ون ونڈو سیل ایل ڈی اے کا چہرہ ہے، اس کی کارکردگی مزید بہتر کی جائے اورشہریوں کے کام فاسٹ ٹریک پر انجام دیئے جائیں۔ افسران اور ملازمین شہریوں کی خدمت کریں ‘لوگوں کو تنگ کرنے والوں کی اب یہاں کوئی گنجائش نہیں۔

درخواستوں پر غیر ضروری اعتراضات نہ لگائے جائیں۔شہریوں کو اعتراضات کے بارے میں ایک ہی بار آگاہ کردیا جائے اور بار بار چکر نہ لگوائے جائیں۔تمام ڈائریکٹوریٹ ہر ہفتے نپٹائی جانے والی درخواستوں کے بارے میں کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے گزشتہ روز ون ونڈو سیل کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہائوسنگ)قدیر احمدباجوہ اور متعلقہ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل مختلف کائونٹرز پر گئے اور وہاں آنے والے شہریوں سے ان کے مسائل معلوم کر کے ان کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے -انہوںنے شہریوں کو بتایا کہ وزیراعظم کے ویژن کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف کاموں کا طریقہ آسان بنا دیا گیا ہے اور رہائشی عمارتوں کے نقشے 30 دن میں منظور کئے جا رہے ہیں۔ انہو ں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پرکم سے کم وقت میں عمل درآمد کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ون ونڈو سیل کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گے تا کہ پلاٹوں کی ٹرانسفر کے لئے این او سی کے اجرا ، نقشوں کی منظوری اور دیگر امور کے لئے آنے والوں کے جائز اور قانونی کاموں کی انجام دہی بروقت یقینی بنائی جا سکے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے ون ونڈو سیل پر کورونا ایس او پیز کی پابندی کرنے کی ہدایت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں