جرائم کے نئے رجحانات سے نمٹنے کیلئے پہلے سے موجود قوانین میں سقم دور کرنا ہونگے‘ فرحان شہزاد

بدلتے حالات اوررجحانات کے مطابق ترامیم کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں‘ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل

اتوار 19 ستمبر 2021 14:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین فرحان شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت کو مختلف جرائم کی روک تھام اور انسانی حقوق سے متعلق رائج قوانین میں موجود سقم دور کرنے اور بدلتے حالات اوررجحانات کے مطابق ترامیم کیلئے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں، حکومت کو ہنگامی بنیادوںپر اس جانب پیشرفت کرنی چاہیے اورپنجاب بار کونسل سمیت تمام وکلاء تنظیمیں اس کیلئے ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں ،یہ تہیہ کیا ہواہے کہ جعلی ڈگری والوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا اور اسی تناظر میں400جعلی وکلاء کے لائسنس معطل کئے گئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے نوجوان وکلاء کے وفد سے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد نے کہاکہ وکالت انتہائی مہذب اورمعتبر پیشہ ہے اورہم نے اپنے عمل سے اس کو ثابت کرناہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم اپنی تمام رجسٹریشن کو ایک سے دو ماہ میں آن لائن کرنے جارہے ہیں، وکلاء کی بائیو میٹرک رجسٹریشن ہو گی او ر اب وکلاء تنظیموںکے انتخابات بھی بائیو میٹرک ہوںگے ۔فرحان شہزاد نے کہاکہ وکلاء برادری نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد کی ہے اور اس کیلئے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔انہوںنے کہاکہ جرائم کے نئے رجحانات سے نمٹنے کیلئے پہلے سے موجود قوانین میں سقم دور کرنے کے ساتھ بدلتے وقت کے مطابق ترامیم بھی نا گزیر ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں