پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات محبت، اخوت اور باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہیں‘بلیغ الرحمان

صحت، تعلیم، بزنس،انفراسٹرکچر اور مواصلات کے شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں‘گورنر پنجاب

منگل 5 جولائی 2022 20:56

پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات محبت، اخوت اور باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہیں‘بلیغ الرحمان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2022ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپین یونین اور خارجہ امور وزارت صحت ترکی اور لاہور میں ترکی کے کونسل جنرل امیر اوزبے نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک میڈیکا ایکسپو اور ہیلتھ بزنس فورم کے انعقاد کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات محبت، اخوت اور باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ترکی پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد اور مخلص دوست ہے اور ملک کی موجودہ حکومت نے ان تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت، تعلیم، بزنس،انفراسٹرکچر اور مواصلات کے شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان عوامی سطحوں پر رابطوں کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے جس کے لئے ماہرین کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں ۔ گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمان نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں ترقی، انرجی بحران اور غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ترکی کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود ہے جس کے تعاون سے پاکستان میں ماڈل ہسپتال قائم کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ طیب اردگان ہسپتال جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پرائیویٹ کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن کمپنی لاہور میں پرائیویٹ ہسپتال قائم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے جبکہ پاک میڈیکا ایکسپو اینڈ بزنس فورم کے انعقاد سے ترکی کی صحت کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک میڈیکا ایکسپو اینڈ بزنس فورم کا انعقاد خوش آئند ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں