روزہ کا مقصد تقویٰ کا وہ معیار پیدا کرنا ہے جس سے انفرادی اور اجتماعی طورپر انسانیت کو دنیاوی و اخروی کامیابی ملے‘راشد نسیم

جمعرات 28 مارچ 2024 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے نارتھ ناظم آباد میں جماعت اسلامی شمالی کراچی کے زیر اہتمام افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ کا مقصد تقویٰ کا وہ معیار پیدا کرنا ہے جس سے انفرادی اور اجتماعی طورپر انسانیت کو دنیاوی و اخروی کامیابی ملے۔ دنیا میں موجود بڑی بڑی درس گاہیں انسانیت کو وہ شرف عطا کرنے سے قاصر ہیں جو رمضان کے محض ایک مہینے کے دوران انسانوں کو دستیاب ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

مغربی تعلیمی ادارے وہ فیکٹریاں ہیں جہاں اخلاقیات سے عاری انسان تیار ہو رہے ہیں اور یہی لوگ معاشرے میں معاشی اور اخلاقی انحطاط کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ روزہ کے نتیجے میں پیدا ہونے والا اہل تقویٰ کا گروہ اقتدار میں آئے گا تو انسانیت کے مسائل حل ہوں گے۔ اس سے قبل بھی ایسے ہی لوگ جب منصبِ اقتدار پر بیٹھے تو تاریخ گواہ ہے کہ زکوٰة دینے والے موجود تھے لینے والا کوئی نہ تھا، عورت کی عزت محفوظ تھی، لوٹ مار تھی نہ ظلم و جبر اور لوگ امن، ترقی اور خوشحالی میں زندگی گزار رہے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں