لاہورپولیس ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ روٹی کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد کیلئے سرگرم

زائد نرخوں پرروٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں 88مقدمات درج، 185ملزمان گرفتار روٹی کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت پر عملدرآمد کیلئے جاری مہم میں ضلعی انتظامیہ کو بھر پور معاونت فراہم کی جا رہی ہے‘ سی سی پی او لاہور

ہفتہ 20 اپریل 2024 15:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) لاہور پولیس کاضلعی انتظامیہ کے ہمراہ روٹی مہنگی بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈان جاری ہے، زائد نرخوں پرروٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں گزشتہ6روز میں 88مقدمات درج کر کے 185ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ سٹی ڈویژن میں روٹی مہنگی بیچنے والی24ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔

اسی طرح کینٹ ڈویژن میں 63، سول لائنز ڈویژن میں 32، صدرڈویژن میں 08، اقبال ٹان ڈویژن میں 28اورماڈل ٹان ڈویژن میں 30ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے روٹی کی مقرر کردہ قیمت سے زائد نرخوں پر فروخت کے حوالے سے کہا ہے کہ روٹی کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت پر عملدرآمد کیلئے جاری مہم میں ضلعی انتظامیہ کو بھر پور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کوضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہنے اور تندوروں پرمہنگے داموں روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیازکارروائی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث قانون شکن عناصر کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں