خاتون اول ایران ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کی کتاب کی تقریب رونمائی

خواتین کی خود مختاری کا مطلب اپنی ثقافت کومحفوظ رکھنا ہیں‘ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی

منگل 23 اپریل 2024 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں خاتون اول ایران ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے پاک ایران تعلقات کی گہرائی پر تفصیلی گفتگو کی، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی ثقافت، علم و ادب کی مشترک اقدار کو خطے کا ورثہ قرار دیا۔

صدر اسلامی جمہوریہ ایران کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کی کتاب دی آرٹ آف لیونگ کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی دو طرفہ تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران تعلقات کو مضبوط بنانے ،تجارت،رابطے،توانائی، اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا ایک عظیم ایجنڈا رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے دونوں ممالک کی قیادتیں علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانا ہو گا۔ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی نے کہا یہ دورہ پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں خواتین کی خود مختاری کا مطلب اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنا ہیں، جس طرح پاکستان میں خواتین کے لیے یونیورسٹی اور کالج ہیں اسی طرح ایران میں بھی خواتین کی تعلیمی درس گاہیں ہیں جو خواتین کو آگے بڑھنے کا بھر پور موقع مہیا کرتی ہیں۔

ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی نے کہا کہ پاکستان اور ایران صرف ہمسایہ ملک ہی نہیں بلکہ ایک اچھا دوست بھی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے کہا کہ خاتون اول کا ہوم اکنامکس یونیورسٹی کا دورہ کرنا، تاریخی سنگ میل ہے اس سے دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات کو فروغ ملنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں جشن نو روز بھی منایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین ہر شعبے میں ترقی کر رہی ہیں.ایرانی اورپاکستانی خواتین مل کر تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں بھر پور کامیابی حاصل کر سکتی ہیں ۔خاتون اول ایران کے دورہ کے موقع پر ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی فیکلٹی اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کے تحت پاکستان کی ثقافت پر منعقدہ نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی کی جانب سے خاتون اول ایران ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

تقریب میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر شگفتہ ناز، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکریٹری، ڈپٹی کمشنر لاہور ، اسسٹنٹ کمشنر شالامار سمیت اہم عہدیداروں اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں