پاکستان میں عوام بہت تیزی سے گردوں اور جگر کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے

جمعہ 26 اپریل 2024 22:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام پہلی دو روزہ انٹرنیشنل پاکستانی ایسوسی ایشن آف ٹرانسپلانٹیشن کانفرنس 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور، پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، چیئرپرسن آئی پیٹ رناء، ڈاکٹر خضر حیات گوندل، ڈاکٹر ایاز، ڈاکٹر تصدق، ڈاکٹر جودت سلیم و دیگر ایکسپرٹس سمیت ڈاکٹرز، فیکلٹی ممبران اور نرسز کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بیرون ممالک سے آئے ماہرین کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانفرنس کے شرکاء سے اپنے خطاب میںکہاکہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے پاکستان میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹیشن کا آغاز مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ہوا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا سہرا میاں شہباز شریف کو جاتا ہے۔

پاکستان میں ڈینگی ڈیزی برڈن میں واضح کمی لانے کا کریڈٹ بھی میاں شہباز شریف کی حکومت کو جاتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پی کے ایل آئی سے پہلے مریضوں کو پاکستان سے بیرون ممالک جا کر ٹرانسپلانٹ کروانا پڑتا تھا۔ پاکستان میں عوام بہت تیزی سے گردوں اور جگر کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے۔ ہمیں ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند طرز زندگی اپنانا ہوگا۔

صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 18 ویں ترمیم کے بعد تمام صوبے خود مختار ہو چکے ہیں۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی استعدادکار بڑھانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں ریسرچ کو پروان چڑھائیں گے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے جنرل ہسپتال لاہور اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی صلاحیت میں اضافہ کرنے پر پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید اور پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔

صوبائی وزیرصحت نے کانفرنس کے انعقاد پر پی ہوٹا و دیگر سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی۔ڈائریکٹرجنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور نے کہاکہ 2023 میں 750 کڈنی اور 280 لیور ٹرانسپلانٹ کئے گئے ہیں۔نادرا کے شناختی کارڈ میں ڈونر کی اینٹری ہونی چاہئے۔ ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار نے کہاکہ پاکستان میں ہمیں کڈنی اینڈ لیور ڈیزیز کے برڈن کو کم کرنا ہوگا۔ پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید نے کہاکہ پاکستان میں انسانی اعضاء عطیہ کرنے کی رجسٹریشن کی رجسٹری ہونی چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں