صوبائی وزیرصحت کی زیر صدارت اجلاس، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بریفنگ دی

جمعہ 26 اپریل 2024 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) صوبائی وزیرصحت وچیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا۔ترجمان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا،خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا دورہ کیااور عرفان علی کاٹھیا نے صوبائی وزیر کو پی ڈی ایم کی ورکنگ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صحت نے صوبہ بھر میں بارشوں کی صورتحال کے حوالہ سے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مون سون پلان 2024 بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کے حالات کا جائزہ لیا جا رہا اورانسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے،تمام محکمہ جات، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اے کی دیگر اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن آفات سے بچائو میں انتہائی کارآمد ثابت ہوتی ہے، قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جاتے ہیں،سیلاب، کووڈ، ڈینگی، قحط سالی سموگ اور ہیٹ ویو سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم الرٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید بارشوں و سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں