حکومت پنجاب ہونہار طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے،ذیشان رفیق

جمعہ 26 اپریل 2024 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ایران میں حسن قرات کے عالمی مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کر کے ہونہار بچے حافظ محمد ابوبکر نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ وہ سیالکوٹ کے دورے میں مرکزی عیدگاہ ڈسکہ میں انٹرنیشنل محفل حسن قرات و نعت میں بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، حکومت پنجاب نوجوانوں کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کے اظہار کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کرنے کے عزم پر عمل پیرا اور زندگی میں مختلف کارہائے نمایاں انجام دینے والے ہونہار طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ذیشان رفیق نے حسن قرات و نعت میں شریک قومی و بین الاقوامی قرا و نعت خوانوں کو ڈسکہ آمد پر خوش آمدید کہا اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

صوبائی وزیر نے ایران میں حسن قرات کے عالمی مقابلہ کے فاتح حافظ محمد ابوبکر سے خصوصی ملاقات اور مقابلہ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر حافظ محمد ابوبکر نے قرات کا شرف حاصل کیا اور حاضرین سے داد تحسین وصول کی۔ تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں