مہنگائی نے مزدور اور غیر مزدور کی تفریق ختم کر دی :خرم نواز گنڈاپور

بیڈگورننس سے ناکام ریاست کا تاثر ابھرا، آئین کی بالادستی سے حقوق کا تحفظ ہوگا

منگل 30 اپریل 2024 21:18

مہنگائی نے مزدور اور غیر مزدور کی تفریق ختم کر دی :خرم نواز گنڈاپور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مہنگائی نے مزدور اور غیر مزدور کی تفریق ختم کر دی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے اب ہر شخص غریب اور ہر شخص مزدور ہے۔ حکومتیں جو فیصلے کرتی ہیں اُن پر عملدرآمد نہیں ہوتا اور مزدور اپنے حق کے لئے جب عدالتوں میں جاتا ہے تو سالوں فیصلے نہیں ہوتے نتیجتاً مزدور کو حق پر کمپرومائز کرنا پڑتا ہے ،ان تاخیری رویوں نے استحصال کے دروازے کو کھول رکھا ہے۔

انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ 10 کروڑ سے زائد ملکی آبادی خطِ غربت کی لکیر پر زندہ ہے۔ مزدوروں کو مہنگائی اور گرانی کے مطابق معاوضے نہیں ملتے ۔ بجلی، گیس، پانی کے بلوں نے ہر شخص کو مزدور بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کے پاس کھانے کے پیسے نہیں مگر انہیں بل دینے پڑتے ہیں۔ پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جہاں انسانوں کے لئے جسم اور سانس کا رشتہ برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کی آج بھی کمی نہیں مگر بدانتظامی، بدنیتی اور بدلحاظی سے برکت ختم ہو گئی ہے۔ حکومت قائم تو ہوتی ہے مگر اس کا عملاً کوئی وجود نہیں ہوتا۔ حکومتوں کے فیصلے چھابڑی فروش بھی نہیں مانتا۔ بیڈگورننس سے ناکام ریاست کا تصور ابھررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہی وہ واحد دستاویز ہے جس پر عملدرآمد کر کے مزدوروں سمیت ہر طبقہ فکر اور عمر کے افراد کے حقوق کا تحفظ ممکن ہے۔

پاکستان میں وہ مزدور جنہیں سوشل سکیورٹی کا تحفظ حاصل ہے وہ آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں ہیں۔ قوانین تو موجود ہیں مگر اُن پر عملدرآمد کرنے والا کوئی ادارہ موجود نہیں ہے۔ اگر کوئی مزدور اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر آواز بلند کرتا ہے تو طاقتور فیکٹری مالک اُسے نوکری سے نکال دیتا ہے ۔ استحصالی رویے کو آئین و قانون کی بالادستی سے ہی بدلا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دیا ہے اور براہ راست ہاتھوں سے کمائے جانے والے رزق کو رزق حلال کی بہترین شکل قرار دیا گیا ہے۔ اللہ کے نبی ﷺ نے حکم دیا ہے کہ مزدور کو پسینہ خشک ہونے سے پہلے اُس کی اجرت ادا کر دی جائے مگر یہاں تو خون خشک کر کے بھی معاوضہ نہیں دیا جاتا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں