تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کریں گے،رانا سکندر حیات

منگل 30 اپریل 2024 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر کے تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفٹر نون سکول پروگرام کے اساتذہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔آفٹرنون سکول پروگرام کے اساتذہ نے صوبائی وزیر کو تنخواہوں،پروموشن اور آفٹرنون سکولز کو درپیش چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم پنجاب نے مزید کہا کہ اساتذہ کے مسائل کا احاطہ ضروری ہے،انہیں ٹینشن فری ماحول مہیا کریں گے اور مسائل کا ازالہ کرتے ہوئے جائز مطالبے کو پورا کریں گے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ ملک کے بیشتر اضلاع میں تعلیمی صورتحال الارمنگ ہے اور سنجیدگی کا تقاضہ کرتی ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعلیم دوست ہے۔

(جاری ہے)

تعلیمی ایمرجنسی نہ صرف نافذ کریں گے بلکہ اس کے تمام اہداف حاصل کریں گے اور مثالی تعلیمی اصلاحات لاتے ہوئے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ بڑھائیں گے اور اس بجٹ کے ثمرات ہر بچے تک پہنچائیں گے،ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع دیں گے اور سرکاری سکول معیاری سکول بنائیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم نے اساتذہ سے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے اہداف کا حصول اساتذہ کے تعاون کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔آوٹ آف سکول بچوں کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اساتذہ کا کردار بنیادی تصور ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں