حکومت پنجاب چائلڈ لیبر کے خاتمے اورجبری مشقت کی روک تھام کے حوالے سے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، رمیش سنگھ اروڑہ

منگل 30 اپریل 2024 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے چائلڈ لیبر اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام بارے سیمینار کا اہتمام منگل کے روز یہاں الحمرا ہال مال روڈ میں بی ایل ایل ایف کی جانب سے کیا گیا۔سیمینار میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ محنت و افرادی قوت سیدہ کلثوم اور وائس چیئرمین سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آرا وٹو سمیت سول سوسائٹی سے منسلک شخصیات اور بھٹوں میں کام کرنیوالے مزدوروں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امورسردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں بی ایل ایل ایف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لیے خصوصی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جبکہ انسانی سمگلنگ اورجبری مشقت کی روک تھام سمیت دیگر قوانین پر عملدرآمد بھی یقینی بنا یا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

رمیش سنگھ اروڑہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہمیں مزدوروں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے،اسی لیے سولر پلیٹس،الیکٹرک موٹر سائیکل اور گھروں کی تقسیم جیسے منصوبے بنائے جا رہے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کو سفارشات پیش کریں گے کہ مزدوروں کو بھی ان منصوبوں میں شامل کیا جائے۔سیمینار میں بی ایل ایل ایف نے10نکاتی ایجنڈے پر مشتمل مطالبات پیش کئے جن میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ، بجٹ میں GDP کا 9 فیصد بچوں کی صحت و تعلیم کے لیے مختص کرنا ،بجٹ کا3 فیصد سوشل سکیورٹی کے لیے مختص کیا جانا،حکومتی سطح پر مزدورں کے لیے متبادل معاشی سرگرمیوں و چھوٹے قرضہ جات کا فوری اجرا،ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2022 کے تحت فوری طور پر رولز بنانا ،مہنگائی کے تناسب سے بھٹہ مزدوروں کی اجرت میں اضافہ سمیت مزدوروں اور فیکٹری مزدوروں کی مقرر کردہ اجرتوں پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

بعد ازاں مزدوروں کے حقوق بارے ایک ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں مزدوروں کے حقوق بارے مختلف بینرز وغیرہ آویزاں کیے گئے تھے۔ریلی الحمرا ہال سے شروع ہو ئی جبکہ پریس کلب شملہ پہاڑی پر اختتام پذیر ہو گئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں