گورنر پنجاپ سے پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کی25رکنی وفد کی ملاقات

وفد نے نوجوانوں کی بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں، بلیغ الرحمن عمرہ کی ادائیگی کیلئے روانہ

بدھ 1 مئی 2024 22:51

گورنر پنجاپ سے پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کی25رکنی وفد کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) گورنر پنجاپ محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان یوتھ پارلیمنٹ(پی ایم ای) کی25 رکنی وفدنے صدر (پی ایم ای)محمد ابوبکر کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو نوجوانوں کی بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کامستقبل ہے انہیں تعلیم کے ساتھ اعلی اخلاقی اقدار سے بہرہ مند کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت سوچ کے صحیح زاویے بناتی ہے۔انہوں نے کمیونٹی کی بہتری کے لیے یوتھ پارلیمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں بہت سی مثبت چیزیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے تاہم اس کے ساتھ کمیوں پر بھی نظر رکھنی چاہئے تاکہ اصلاح ہو سکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑی قابل ستائش بات ہے کہ پاکستانی عوام فلاح کے کاموں میں دل کھول کر خرچ کرتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران کو شاندار کارکردگی دکھانے پر اعزازی شیلڈز سے بھی نوازا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے اعزازی سووئنیر پیش کیا۔اس موقع پر وفد نے گورنر ہائوس کا دورہ بھی کیا۔علاوہ ازیں ، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن عمرہ کی ادائیگی کے لئے مدینہ شریف روانہ ہوگئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں