ظلم کے خلاف احتجاج کسانوں کا جمہوری حق ہی: عبدالعزیز عابد

بدھ 1 مئی 2024 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی لاہور غربی عبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ ظلم کے خلاف احتجاج کسانوں کا جمہوری حق ہے۔ کسانوں کو فصل کی تیاری پر اپنے قرض اتارنے ہوتے ہیں، بچوں کی شادیاں اور اشیا ضروریا خریدنی ہوتی ہیں۔ حکومت کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ سرکاری نرخوں کے مطابق خریدے۔ہم کسانوں کی گرفتاری اور چادر چار دیواری کے تقدس کی پامالی کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار کسانوں کو فوری رہا کیا جائے۔

جماعت اسلامی کسانوں اور مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔کسی کو کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعزیز عابد کا کہنا تھاکہ ملک میں استحصالی طبقہ متحد، مزدور، کسان اور عوام تقسیم ہیں۔

(جاری ہے)

منظم جدوجہد سے ہی عوام کوحقوق ملیں گے، ہمارے سامنے دوراستے ہیں، حالات کو قسمت سمجھ کر قبول کرلیں یا کرپٹ نظام کے خلاف مزاحمت کریں، عوام کے خون پسینے کی کمائی سے مخصوص طبقے کو عیاشیاں نہیں کرنے دیں گے۔

حکمران ایک طرف قوم کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہیں دوسری طرف کشکول اٹھایا ہوا ہے۔فارم سنتالیس کی بنیاد پر جعلی حکومت مسلط کردی گئی، پارٹیوں اور حکومتی عہدوں پر خاندان قابض ہیں۔مست حکمرانوں نے کسانوں کے پرامن مظاہرہ پر پولیس لاٹھی چارج کروایا اور بے گناہ کسانوں کو تھانوں میں چوروںاور ڈاکوئوں اور منشیات ؁فروشوں کے ساتھ بند کردیا جو ظلم کی انتہا ہے۔ ، اسلام ظالم کے خلاف جدوجہد کا حکم دیتا ہے، حق کے لیے زبردست مزاحمت کرنا ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں