وزیر خوراک نے نان روٹی ایسوسی ایشن کو 15 روپے روٹی کی فروخت پر رضامند کرلیا

تمام تندوروں پر حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق 15 روپے کی روٹی فروخت کریں گے‘ صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن

اتوار 12 مئی 2024 11:25

وزیر خوراک نے نان روٹی ایسوسی ایشن کو 15 روپے روٹی کی فروخت پر رضامند کرلیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے نان روٹی ایسوسی ایشن کو 15 روپے روٹی کی فروخت پر رضامند کرلیا۔وزیر خوراک بلال یاسین سے صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔نان روٹی ایسوسی ایشن نے 15 روپے کی روٹی فروخت کرنے کی یقین دہانی کروا دی جبکہ اس موقع پر صدر نان روٹی ایسوسی ایشن نے وزیر خوراک کی موجودگی میں ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔

آفتاب گل نے کہا کہ حکومت نے آٹے کی قیمت میں بہت زیادہ ریلیف دیا اس کی دل سے قدر کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دینے میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں، تمام تندوروں پر حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق 15 روپے کی روٹی فروخت کریں گے۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ نان روٹی ایسوسی ایشن حکومتی نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد یقینی بنائے گی، عوام کو ریلیف دینے کیلئے آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی، آٹے کی قیمت میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے مشن میں کامیابی ہوئی، عوام کو سستی اور معیاری روٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اس سے قبل ملکی تاریخ میں کبھی آٹے کی قیمت میں 1200 روپے کی کمی نہیں ہوئی۔ملاقات میں سیکرٹری خوراک معظم اقبال سپرا، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب خان جدون اور متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں