جرائم کی سرکوبی کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنے والے افسران و اہلکار ہمارے اصل ہیروز ہیں، ڈاکٹر عثمان انور

جمعہ 17 مئی 2024 15:29

جرائم کی سرکوبی کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنے والے افسران و اہلکار ہمارے اصل ہیروز ہیں، ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ جرائم کی سرکوبی کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنے والے افسران و اہلکار ہی ہمارے اصل ہیروز ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاںسی آئی اے لاہور اور شیخوپورہ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، اے ایس پی ڈسپلن اور ایس پیز سمیت دیگرسینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ انسپکٹر سید حسین حیدر، انسپکٹر چوہدری فیصل شریف، اے ایس آئی محمد آصف کی سربراہی میں پولیس ٹیموں نے سنگین جرائم کے کیسز کو کامیابی سے ورک آئوٹ کیا اوربین الصوبائی منشیات گینگ، بھتہ خوری، ڈکیتی معہ قتل سمیت دیگر جرائم کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا، اسی طرح شیخوپورہ پولیس کی ٹیموں نے ڈکیتی، گینگ ریپ، بدنام زمانہ منشیات فروشوں ودیگر جرائم میں ملوث مجرمان کا قلع قمع کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرائم کی سرکوبی کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنے والے افسران و اہلکار ہی ہمارے اصل ہیروز ہیں،بہادر جوانوں کی عزم و ہمت روشن مثال ہیں جن کی حوصلہ افزائی سے پوری فورس میں بہتر کارکردگی کا جذبہ موجزن ہوگا، تعریفی اسناد و انعامات شاندار کارکردگی کا نعم البدل نہیں بلکہ اسکامقصد خدمات کو سراہنا ہے۔ تقریب کے آ خر میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم کا قلع قمع کرنے والے بہادر افسران و جوانوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں،سی آئی اے لاہور کی 8 اورشیخوپورہ پولیس کی 10 ٹیموں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں