کھائی میں گری معیشت کو ریسکیو کرنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں‘ سیف الملوک کھوکھر

حکومت عوام کومہنگائی سے نجات دلانے کیلئے دن رات کوشاں ہے، عوام کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

پیر 20 مئی 2024 11:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے اپنے حلقے میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں حلقے کے عوام اورشہر بھر سے آئے ہوئے لیگی کارکنان کے مسائل سنے گئے ور ان کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی رہنمائی میں وفاقی اور پنجاب حکومت عوام کومہنگائی سے نجات دلانے کیلئے دن رات کوشاں ہے جس کے نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی حکومت معیشت کو جس گہری کھائی میں پھینک کر گئی ہے اسے ریسکیو کرنے کے لئے مشکل اور غیر معمولی فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی دور کے غلط فیصلوں کی وجہ سے مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی تاہم اب متوازن فیصلوں اور اقدامات سے اس میں بتدریج کمی آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کا پہیہ ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں گھوما اور ان شا اللہ اپنی اس روایت کو بر قرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے حواری ملک میں انتشار کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ عوام بانی پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں ۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ہمارا اثاثہ ہیں انہیں مشاورت کے عمل میں شریک کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں