پنجاب اسمبلی نے ہتک عزت بل 2024منظور کر لیا

منگل 21 مئی 2024 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2024ء) پنجاب اسمبلی نے ہتک عزت بل 2024منظور کر لیا، پیر کو پنجاب کے وزیر خزانہ اور پارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بل پیش کیا ۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئی۔ کارروائی اپنے مقررہ وقت سے دو گھنٹے چوبیس منٹ کی تاخیر سے دوپہر دو بجے پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوئی۔

ٹریژری بنچوں کے مطابق بل کا مقصد جعلی خبروں کو روکنا ہے۔بل پیش کیے جانے پر ایوان میں ہنگامہ آرائی اور شدید احتجاج دیکھنے میں آیا جب کہ صحافیوں نے احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے بل کو کالا قانون قرار دیا اور کہا کہ اپوزیشن اس بل کا حصہ نہیں بنے گی اور اسے سلیکٹ کمیٹی کو واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اسے سلیکٹ کمیٹی کو واپس بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس پر پہلے ہی تسلی بخش بحث ہو چکی ہے۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی المناک موت پر تعزیتی ریفرنس متفقہ طور پر منظور کرلیا۔اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں