موجود حکومت کسان دوست حکومت ہے اور یہ کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی‘سمیع اللہ چوہدری

بدھ 5 دسمبر 2018 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ موجود حکومت کسان دوست حکومت ہے اور یہ کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کمیٹی روم میں پنجاب کے 26اضلاع پر مشتمل پاکستان اتحاد کے بارہ رکنی وفد سے میٹنگ میں کیا ۔ جنہوںنے چیئر مین پاکستان کسان اتحاد چوہدری انور کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی ۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال ، صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس سردار آصف نکئی ، سیکرٹری خورا ک شوکت علی اور کین کمشنر پنجاب واجد علی شاہ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر پاکستان کسان اتحاد کے چیئر مین چوہدری انور نے گنے کی کریشنگ جلد از جلد شروع کرنے ، پنجاب شوگر ملز کی طرف کسانوں کے پچھلے دو سالوں کی چار ارب رقم کی ادائیگی ، اجناس کو برآمد کرنے کی اجازت ،کھا د کے ریٹ کم کرنے اور دو ماہ پہلے احتجاج کے دوران کسانوں کے خلاف نا جائز طو ر پر درج ہوئی ایف آئی آرز کو ختم کرنے جیسے مطالبات پیش کیے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ کسانوں کے مسائل اور مشکلات کا حل ہی ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب گنے کے کاشتکاروں کو برو قت رقم کی ادائیگی ، حکومتی ریٹ 180روپے فی من کے حساب سے ادائیگی اور صحیح کنڈوں کے ذریعے وزن کو پورا رکھنے پر ہر صورت عمل در آمد کرائے گا ۔انہوںنے وفد کے اراکین کو یقین دلایا کہ جلد ہی شوگر ملز گنے کی کریشنگ کا آغاز کر دیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں