وہاب ریاض نے بطور کپتان سرفراز احمد کی سب سے بڑی خامی بتا دی

گرائونڈ میں سرفراز کا غصہ بعض اوقات بائولرز کیلئے مشکل صورتحال پیدا کر دیتا ہے اور وہ بیک فٹ پر چلے جاتے ہیں:پیسر

جمعہ 26 اپریل 2019 19:37

وہاب ریاض نے بطور کپتان سرفراز احمد کی سب سے بڑی خامی بتا دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) پاکستانی فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی سب سے بڑی خامی بتا دی۔ ایک انٹر ویو کے دوران وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ایک اچھا کپتان ہے مگر گرائونڈ میں اس کا غصہ بعض اوقات بائولرزکیلئے مشکل صورتحال پیدا کر دیتا ہے اور وہ بیک فٹ پر چلے جاتے ہیں۔33سالہ پیسر کا مزید کہنا تھا کہ ایک کرکٹر کی حیثیت سے ہر کھلاڑی ورلڈکپ میں شمولیت کی خواہش رکھتا ہے اور میرے لئے یہ بہت مایوسی کی بات ہے کہ اس سال میں میگا ایونٹ کا حصہ نہیں بنوں گا، ایک کھلاڑی ہی حیثیت سے میرا کام اچھی کارکردگی دکھانا ہے اور باقی سب سلیکٹرز کا کام ہے تاہم امید ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے اہم ترین ٹورنامنٹ کیلئے بہترین منصوبہ سازی کی ہو گی۔

(جاری ہے)

میں نے ہر موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی اور اگر آپ میرا ریکارڈ دیکھیں تو میں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی وکٹیں حاصل کیں جہاں کی کنڈیشنز فاسٹ بائولرز کیلئے زیادہ سازگار نہیں ہیں۔ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2019ئ کیلئے منتخب ہونے والے پاکستانی سکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہے جس کے باعث ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ میرے خیال سے تجربہ کار کھلاڑی بڑے ٹورنامنٹس میں فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں اسلئے محمد حفیظ اور شعیب ملک کو میگا ایونٹ میں اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر کو مزید مضبوط کرنے کیلئے سکواڈ میں عمر اکمل جیسے بلے باز کو بھی ضرور شامل کیا جانا چاہئے تھا۔ آپ کو کسی ایسے مڈل آرڈر بلے باز کی ضرورت ہے جو دبائومیں بھی ناصرف رنز بنا سکے بلکہ میچ ختم کرنیکی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں