ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے حتمی 15رکنی اسکواڈ کا اعلان،

محمد عامر، آصف علی ، وہاب ریاض بھی شامل اس وقت پاکستان کو تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے،محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں تجربے کا اضافہ ہوگا ٹیم کی مثبت چیزوں کو بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام کھلاڑیوں کو حوصلہ ملے‘چیف سلیکٹر انضمام الحق کی پریس کانفرنس

پیر 20 مئی 2019 14:41

ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے حتمی 15رکنی اسکواڈ کا اعلان،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019ء کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔پی سی بی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ فہیم اشرف کی جگہ وہاب ریاض، جنید خان کی جگہ محمد عامراور عابد علی کی جگہ آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان پہلے سے ورلڈ کپ اسکواڈ پلان کا حصہ ہیں۔لیگ اسپنر شاداب خان کو ورلڈ کپ کے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے، ان کی جگہ یاسر شاہ نے پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخرزمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی، محمد حسنین، آصف علی، حارث سہیل اور شاداب خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیم میں وہاب ریاض کی شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے وہاب ریاض کو بالکل نظر انداز نہیں کیا تھا۔وہاب ریاض کو انگلینڈ میں گیند کرنے کا بہت تجربہ ہے، انہیں شامل کر نے کا مقصد یہ ہے کہ وہ ریورس سوئنگ اچھی کرتے ہیں، ہمیں لگا کہ ٹیم کو وہاب ریاض کی ضرورت ہے۔انہوں نے محمد عامر کے حوالے سے بتایا کہ محمد عامر کا نام پہلے اعلان کردہ ٹیم میں نہیں تھا تاہم وہ سینئر بولر ہیں اور انہیں انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے، ان کا اکانومی ریٹ اچھا ہے اور اس وقت پاکستان کو تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔

محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں تجربے کا اضافہ ہوگا۔ عابد علی کو ڈراپ کئے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ عابدعلی کوورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کرنا آسان نہیں تھا، ہمیں لگتا ہے کہ انگلینڈ میں بیٹنگ کے لیے وکٹیں اور بھی اچھی ہو جائیں گی۔ آصف علی کو جارحانہ بیٹنگ اور اچھے اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے،وہ جارح مزاج کھلاڑی ہیں ،انہوں نے انگلینڈ میں اچھی بیٹنگ کی اور انگلینڈ کی پچز اور کنڈیشن جو نظر آرہی اس میں چھٹے یا ساتویں نمبر پر ایسا کھلاڑی ضرور ہونا چاہیے جو رنز کرسکے۔

انضمام الحق نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، عابد علی اور فہیم اشرف انگلینڈ میں ہی رہیں گے جنہیں بیک اپ کے طور پر انگلینڈ میں رکھا گیا ہے۔ٹیم کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس کی کارکردگی خراب تو رہی ہے لیکن اسی ٹیم نے پاکستان کو کامیابیوں سے ہمکنار کیا تھا۔انہوں نے درخواست کی کہ ٹیم کی مثبت چیزوں کو بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام کھلاڑیوں کو حوصلہ ملے۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی ٹیم نے 24اور 26 مئی کو 2وارم اپ میچز کھیلنا ہے، 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں شیڈول میچ سے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں