کاؤنٹی سیزن میں بہت سیکھا، جو مستقبل میں کام آئیگا ،اب نظریں پی ایس ایل پر ہیں، شاہین آفریدی

نومبر میں ہونے والے لیگ کے بقیہ میچز میں اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو سرخرو کرانے کی پوری کوشش کریں گے، انٹرویو

پیر 21 ستمبر 2020 16:43

کاؤنٹی سیزن میں بہت سیکھا، جو مستقبل میں کام آئیگا ،اب نظریں پی ایس ایل پر ہیں، شاہین آفریدی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہاہے کہ ہمپشائر کے ساتھ کاؤنٹی سیزن میں انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا جو انہیں مستقبل میں کام آئے گا، ان کی نظریں اب پاکستان سپر لیگ پر ہیں اور خواہش ہے کہ لاہور قلندرز کو سرخرو کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔تفصیلات کے مطابق20 سالہ شاہین شاہ آفریدی نے ہمپشائر کی جانب سے 7 میچز میں 7 وکٹیں لیں جس میں سے 6 وکٹیں انہوں نے اپنے آخری میچ میں حاصل کیں۔

مڈل سکس کے خلاف اپنے آخری میچ میں انہوں نے 4 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا اور ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔ بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ابتدائی میچز میں وہ ایسی پرفارمنس نہیں دے پائے کہ جس کی کاؤنٹی کو ان سے امید تھی تاہم پھر بھی کاؤنٹی نے سپورٹ کیا اور آخری میچ میں وہ اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

شاہین آفریدی نے کہا کہ کاؤنٹی سیزن کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا جو مستقبل میں کام آئے گا، آخری میچ میں ان کی کوشش تھی کہ ٹارگٹ پر بولنگ کریں اور زیادہ سے زیادہ ڈاٹ بالز کرائیں، خوش ہیں کہ وہ ایک ریکارڈ ساز بولنگ کرنے میں کامیاب رہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی نمایاں پرفارمنس دینا چاہتے ہیں، نومبر میں ہونے والے لیگ کے بقیہ میچز میں اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو سرخرو کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔ شاہین آفریدی اب تک لیگ میں 13 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور لیڈنگ وکٹ ٹیکر محمد حسنین سے 2 وکٹ پیچھے ہیں، وہ اس پی ایس ایل میں لیڈنگ وکٹ ٹیکر بننا چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں