اس بابرکت مہینے کو بہتر طریقے سے منانے کے لیے لاڑکانہ ضلع کے تمام ادارے اپنے اپنے فرائض سرانجام دیں، ڈویژنل کمشنر لاڑکانہ

جمعہ 8 نومبر 2019 23:31

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) ڈویزنل کمشنر لاڑکانہ محمد سلیم رضا کھوڑو نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے بڑا برکت کا مہینا ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے انسانیت کو اپنے محبوب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نوازا اور دنیا کے کروڑوں لوگوں پر رحمتیں برسائیں، ہر سال کی طرح اس سال بھی 12 ربیع الاول ضلع کے اندر نہایت ہی عقیدت، احترام اور خوشی سے منایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں 12 ربیع الاول انتظامات کے متعلق طلب کردہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے کو بہتر طریقے سے منانے کے لیے لاڑکانہ ضلع کے تمام ادارے اپنے اپنے فرائض سرانجام دیں، پولیس، رینجرز اور سکیورٹی ادارے کا اس میں بھرپور کردار ہوگا جبکہ محرم الحرام اور چہلم کی طرح 12 ربیع الاول پر برآمد ہونے والے جلوسوں کو مکمل سکیورٹی دی جائے گی، اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے رینجرز افسران کا کہنا تھا کہ اسلام، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے، علمائے کرام اور ڈویزنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے محرم الحرام اور چہلم کے موقع پر بھرپور تعاون کیا اور امید ہے کہ وہ وہی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ 12 ربیع الاول خیرخوبی سے گذر جائے، انہوں نے کہا کہ ہم اور آپ پر فرض ہے کہ دہشتگردوں پر نظر رکھیں اور کوئی بھی مشکوک نظر آئے تو فوری طور پر اطلاع دیا جائے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ صرف پیسوں کے لیے کام کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کوڈ آف کنڈکٹ پر مکمل عمل کیا جائے اور ایک دوسرے کا احترام کیا جائے، اس موقع پر ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے ڈویزن کے اندر پولیس کے فول پروف سکیورٹی کے متعلق آگابی بھی دی۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں