لاڑکانہ شہر اورگردونواح جمعہ کو شدید گرمی کی لپیٹ میں،زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ

جمعہ 17 مئی 2024 17:53

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) لاڑکانہ شہر اورگردونواح جمعہ کو شدید گرمی کی لپیٹ میں رہا، لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ محکمہ موسمیات لاڑکانہ کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا۔ شدید گرمی نے روزمرہ کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے اور برف اور کولڈ ڈرنکس کی قیمتیں بے حد بڑھ گئی ہیں۔

گرمی کی شدت سے سن سٹروک اور سن برن کے واقعات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ شدید گرمی کے علاوہ بجلی کے وقفے وقفے سے خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں ہونے والے بریک ڈاؤن نے بھی لوگوں کو پریشان کیا ہوا ہے۔ دریں اثنا، ضلعی محکمہ صحت لاڑکانہ نے لوگوں میں سن سٹروک اور گرمی سے متعلق دیگر پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ہینڈ بلز تقسیم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے عملے نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ لوگ دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کریں اور چھتری کا استعمال یقینی بنائیں, پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ لیموں ملا پانی ,گلوکوز کا استعمال کریں,ہلکے رنگ کے کپڑے استعمال کیے جائیں۔علاوہ ازیں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، چانڈکا میڈیکل کالج ہسپتال لاڑکانہ نے یہ بھی مطلع کیا ہے کہ سن اسٹروک، سن برن، کانٹے دار گرمی اور ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے علاج کے لیے تمام ہسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ اس سلسلے میں سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں